کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ریجنل ٹیکس آفس کوئٹہ نے ریٹیلر اسکیم سے متعلق تاجروں کو سہولت، رہنمائی اور آگاہی فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں خصوصی کیمپ قائم کرکے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ریجنل ٹیکس آفس کوئٹہ کی جانب سے کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری، سرکی روڈ، کٹ پیس گلی، مسجد روڈ، چلتن مارکیٹ اور ہزار گنجی میں خصوصی کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں متعلقہ ٹیمیں تاجروں کو ریٹیلر اسکیم، رجسٹریشن، ٹیکس سے متعلق امور اور دیگر ضروری معاملات کے حوالے سے رہنمائی فراہم کریں گی۔آر ٹی او حکام کے مطابق خصوصی کیمپوں کے قیام کا مقصد تاجروں کو ان کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنا اور ریٹیلر اسکیم سے متعلق ان کے تحفظات اور سوالات کا ازالہ کرنا ہے، جبکہ تاجروں کو اسکیم میں شمولیت کے طریقہ کار اور ٹیکس سے متعلق ضروری معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔