کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے منشیات فروشوں، ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھگڑا کرنے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر کے چرس، اسلحہ، ایمونیشن، ایک موٹرسائیکل اور گاڑی قبضے میں لے لی۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل کی خصوصی ہدایت پر ایس پی قائد آباد علی رضا، ڈی ایس پی پشتون آباد مقصود احمد لغاری کی نگرانی میں ایس ایچ او انڈسٹریل خیر محمد نے دیگر عملے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھگڑا کرنے والے 2 ملزمان مطیع اللہ اور رحمٰن کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسری کارروائی میں دو ملزمان عرفان احمد اور ظاہر خان کو گرفتار کر کے ایک پسٹل بمعہ راؤنڈ اور گاڑی قبضے میں لے لی۔ اسی طرح تھانہ نیو کچلاک کے ایس ایچ او حاجی عبدالحئی گرانی نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ہیبت اللہ کے قبضے سے ایک کلو چرس برآمد کر کے قبضے میں لے لی۔ اسی طرح پشتون آباد کے ایس ایچ او فضل الرحمٰن خلجی نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ ایک ایس ایم جی بمعہ 30 راؤنڈ برآمد کر کے ملزم رئیس خان کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ ایک موٹر سائیکل برآمد کرکے قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی۔