• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشکی میں 8 سالہ بچی پر تشدد اور زیادتی قابل مذمت ہے، کرن بلوچ

کوئٹہ ( پ ر) چیئرپرسن بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کرن بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ احمدوال میں 8 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کا واقعہ دل دہلا دینے والا اور ناقابلِ برداشت ہے۔ اس دلدوز واقعے نے پوری قوم کے ضمیر کو ہلا کر رکھ دیا ۔ معصوم بچوں کیساتھ اس نوعیت کے وحشیانہ مظالم کی کسی بھی معاشرے میں گنجائش نہیں۔بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اس اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ہم متاثرہ خاندان کے غم اور درد میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کے حصول تک کمیشن انکے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سےملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ اور اس واقعے کا فوراً نوٹس لینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اس واقعے کی تحقیقات کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت جاری کریں کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔اور کیس کی فوری اور شفاف تحقیقات مکمل کروا کر ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین اور عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی درندگی کا سوچ بھی نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں جاری پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کی دیکھ بھال یقینی بنائی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل انصاف مل سکے۔کمیشن اس کیس کی تمام تر قانونی و انتظامی پیشرفت پر مکمل نظر رکھے گا اور انصاف کی فراہمی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
کوئٹہ سے مزید