ملتان(سٹاف رپورٹر) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کی سربراہی میں ریجنل ایگریکلچر فورم کے اجلاس کا انعقاد ہواجس میں مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی تحقیقی سرگرمیوں، کارکردگی، ترجیحات اور مستقبل کے لائحۂ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، شرکاء کو بتایا گیا کہ آم کے اعلیٰ اور کم پیداوار والے باغات کی نشاندہی کرکے دونوں کے درمیان پیداواری فرق کی وجوہکا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا تاکہ کم پیداوار والے باغات کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مؤثر سفارشات اور جدید پیداواری ٹیکنالوجیز متعارف کروائی جا سکیں،ڈاکٹر آصف علی نے اس موقع پر کہا کہ آم جنوبی پنجاب کی اہم زرعی اور معاشی فصل ہے اور اس شعبے کی ترقی کیلئے جدید تحقیق، معیاری نرسری نظام، نئی اقسام کا تعارف، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت اور جدید باغبانی ٹیکنالوجیز کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مینگو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی تحقیقی سرگرمیوں کو کاشتکاروں کی عملی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور تحقیق کے نتائج کو فیلڈ تک منتقل کرنے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ آم کی پیداوار‘ معیار اور برآمدات میں اضافے کیلئے مربوط اور قابلِ عمل حکمت عملی مرتب کی جائے گی، اس موقع پر مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے نمائندگان، یونیورسٹی فیکلٹی اور انڈسٹری ایکسپرٹس کی کثیر تعداد موجود تھی۔