ملتان (سٹاف رپورٹر)ضلع ملتان میں 3 روزہ خصوصی قومی پولیو مہم شروع ہوگئی ہے، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلعی حکام اور اسسٹنٹ کمشنرز گزشتہ روز فیلڈ میں موجود رہ کر پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور مہم کے انتظامات کی نگرانی کرتے رہے,پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 7 لاکھ 77 ہزار 710 کم سن بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ مہم کے پہلے روز 3 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے، ڈپٹی کمشنرکے مطابق مہم کے دوران 4 ہزار 399 ٹیمیں فرائض سرانجام دیے رہی ہیں جن میں 4 ہزار 21 موبائل، 230 فکسڈ اور 148 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، پولیو مہم کی موثر نگرانی کے لیے 833 ایریا انچارجز اور 135 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز بھی ذمہ داریاں سرانجام دینگے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ، ویگن سٹینڈ اور دیگر اہم عوامی مقامات پر بھی خصوصی پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے،ضلعی انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں ۔