لاہور( خصوصی رپورٹر )وزیر بلدیات ذیشان رفیق اچانک دورے پر کوٹ مومن اور سرگودھا شہر پہنچ گئے۔ انہوں نے وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر سُتھرا پنجاب کے تحت صفائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلی کے فوکل پرسن سُتھرا پنجاب عاصم محمود اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے کوٹمومن اور سرگودھا شہر کی مارکیٹوں، محلوں میں صفائی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے بعض دکانداروں اور شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کا بھی حکم دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صفائی کے مقررہ اہداف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خالی پلاٹس سمیت پوری یونین کونسل میں لازمی صفائی ہونی چاہیئے۔ ۔ قبل ازیں وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے 51 شہروں میں ڈرینز اور انڈر گرائونڈ واٹر ٹینک کی تعمیر تقریباً مکمل ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 96 ڈرینز اور 94 واٹر ٹینک مکمل کئے جاچکے ہیں۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کر رہے تھے۔