اسلام آباد(مہتاب حیدر/کامرس رپورٹر ) پاکستان نے 3ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کر دیئے‘ بانڈز ساڑھے 5 اور دس سال کی مدت کیلئے جاری کیے گئے ہیں‘ایک ارب 75کروڑ ڈالر کےیوروبانڈز ساڑھے پانچ سال کےلیے جاری کیے گئے ہیں جن پر شرح سود ساڑھے 7فیصد ہے جبکہ ایک ارب 25کروڑ ڈالر کے یوروبانڈز 10سال کی مدت کےلیے ہیں جن پر شرح سود 7.90فیصد ہے ‘یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی ٹرانزکشن میں اتنے زیادہ مالیت کے عالمی بانڈز جاری کیے گئے ہیں ۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو 6 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کرنے کی پیشکشیں موصول ہوئی ہیں اور ملک کو پہلی بار3ارب ڈالر کے یورو بانڈ یکمشت جاری کرنے کا موقع ملا۔