• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن، پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس اور عوام دشمن معاہدے مسترد

کراچی( اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر کراچی میں بھی جمعرات کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس اور آئی پی پیز کے ظالمانہ و عوام دشمن معاہدوں کو مسترد کر دیا،کراچی کے تمام تجارتی و کاروباری مراکز، چھوٹی بڑی مارکیٹیں و شاپنگ مالز اور دکانیں و بازار مکمل طور پر بند رہے جبکہ پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے پمپس اور آل کراچی پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے بھی اسکولوں کو بند کر نے کا اعلان کیا تھا، ہڑتال کے باعث نجی و سرکاری تعلیمی اداروں اور دفتروں میں حاضری کم رہی اور عام شہریوں نے بھی مہنگے پیٹرول و بجلی کے خلاف جماعت اسلامی کی ہڑتال کی حمایت کی،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ تحریک جاری رہے گی،پیٹرول اور بجلی سستی کرنا پڑے گی،حکومت نہ مانی تو لانگ مارچ کا آپشن بھی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی وکلاء نے عدالتوں کا بائیکات اور ہڑتال کی اور ریلی کی صورت میں گورنر ہاؤس دھرنا گاہ پہنچے، جہاں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ہائی کورٹ بار کے صدر حسیب جمالی، کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ، جنرل سیکریٹری ارشد شر، دونوں بارز کے عہدیداران، اسلامک لائرز موومنٹ کے صدر فرخ عثمان، ول فورم کی خواتین وکلاء سمیت بڑی تعداد میں پہنچنے والے وکلاء کا استقبال کیا،منعم ظفر خان ے ریگل چوک پر تاجر تنظیموں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس اور گورنر ہاؤس پر وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کی پوری تاجر برادری سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ آج (جمعرات) کراچی کی 300سے زائد چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں مکمل شٹر ڈاؤن اس بات کا اعلان ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی حب کراچی نے پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی اور آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے باعث عوام پر مہنگے پیٹرول اور بجلی کے ذریعے اربوں روپے کے مالی بوجھ ڈالنے کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے، حکومت کو پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس واپس لینا ہوگا، پیٹرول اور بجلی سستی کرنی پڑے گی، جماعت اسلامی کی عوامی جدو جہد اور تحریک جاری رہے گی، احتجاج ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید