لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 14ویں بیچ کی اختتامی تقریب سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقد ہوئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم اور سینئر پولیس افسران نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلبا و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ کے دوران حاصل ہونے والا عملی تجربہ طلبا و طالبات کی کیرئیر ڈویلپمنٹ میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے طلبا و طالبات کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کر ر ہے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی کے 38 جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے 27 طلبا و طالبات نے پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 14ویں بیچ میں حصہ لیا۔ طلبا و طالبات کو انٹرن شپ کے لیے پانچ گروپس میں تقسیم کیا گیا اور پنجاب پولیس کی مختلف برانچز میں پانچ ہفتوں کے لیے منسلک کیا گیا جہاں انہوں نے عملی تربیت اور پولیس ورکنگ کا مشاہدہ کیا۔