لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے جعلی، غیر معیاری اور زائدالمیعاد ادویات کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات انسانی صحت کیلئے سنگین خطرہ ہیں، عوام کی صحت اور ادویات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادویات ساز کمپنیوں میں کوالٹی کنٹرول قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اتائیت اور جعلی ادویات کے کاروبار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوالٹی کنٹرول بورڈ کے 304ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔