لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے محکمہ داخلہ پنجاب میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب جدید ٹیکنالوجی اور تربیت کی مدد سے صوبہ بھر کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الصوبائی بارڈر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 14 جدید چیک پوسٹس تیاری کے مراحل میں ہیں۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کا تحفظ اور فلاح وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔