پشاور (سٹاف رپورٹر )خیبرپختونخوا حکومت نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کے اختیارات دے دیئے ہیں ، سابق دور حکومت میں یہ اختیارات ڈپٹی کمشنرز سے لئے گئے تھے تاہم موجودہ سیٹ اپ میں مذکورہ اختیارات واپس کر دیئے گئے ہیں،اس سلسلے میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او کے تحت گرفتاری کے اختیارات تفویض کر دیئے ہیں تاکہ ضلعی سطح پر بروقت اور موثر انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے اس اقدام سے ڈپٹی کمشنر کو اختیارات ملنے سے انتظامی تاخیر بھی کم ہوگی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا، تاہم ان اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے مطابق سختی سے کیا جانا چاہئیے۔گورنر کا کہنا ہے کہ میری تمام ڈپٹی کمشنرز سے توقع ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور باہمی تعاون کے ذریعے فرائض انجام دیں گے۔