• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا، فیصل کنڈی

پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ڈبلیو ایس ایس پی پشاور کی کارکردگی، بجٹ، افرادی قوت، درپیش مسائل اور مختلف اسکیموں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈبلیو ایس ایس پی پشاور کی 42 یونین کونسلوں میں خدمات انجام دے رہی ہے اور روزانہ تقریباً 58 ہزار گھروں سے کوڑا کرکٹ جمع کیا جاتا ہے۔ کمپنی روزانہ تقریباً 500 ٹن فضلہ جمع کرکے مختلف مقامات سے شمشتو ڈمپنگ سائٹ منتقل کرتی ہے۔ ادارے میں 4,052 اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے 474 مختلف گاڑیاں موجود ہیں۔گورنر نے ہدایت کی کہ جو اہلکار فیلڈ میں فرائض انجام دینے کے بجائے دوسروں کے گھروں میں کام کر رہے ہیں، انہیں فوری طور پر واپس بلا کر فیلڈ ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے۔ انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کے اہلکار اچھا کام کر رہے ہیں اور انہیں درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
پشاور سے مزید