• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیو ورکرز کی کوششوں سے ویکسی نیشن سے محروم بچوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی، سیکرٹری صحت

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ایمرجنسی آپریشنز سنٹر نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سوشل سائنسز کے اشتراک سے پولیو کے عالمی پولیو دن کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں پولیو کے مکمل خاتمے، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو ویکسینیشن پر عوامی اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب کی صدارت مشترکہ طور پر سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا مطیع اللہ خان اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالجلیل نے کی۔ تقریب میں محکمہ صحت خیبر پختونخوا، ایمرجنسی آپریشنز سنٹر، صحتِ عامہ کے ماہرین، طبی شعبے سے وابستہ افراد اور طلبہ، الاقوامی امدادی ادروں یونیسف، ڈبلیو ایچ او، این سٹاپ پروگرام، گیٹس فاؤنڈیشن اور پی پی اے کے نمائندے شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت مطیع اللہ خان نے کہا کہ پولیو کا عالمی دن ہمیں انسداد پولیو کے ضمن مین کی گئی پیش رفت کا جائزہ لینے، درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرنے اور ہر بچے کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے کے عزم کی تجدید کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کو سراہا اور مستقبل میں بھی ان کی جانب سے مسلسل تعاون کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے فیلڈ میں کام کرنے والے پولیو ورکرز کو درپیش مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے، ہر بچے کی ویکسی نیشن یقینی بنانے اور انہیں تاحیات معذوری (فالج) سے بچانے کے لیے ان کی انتھک لگن، محنت، ثابت قدمی اور بیش بہا قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری صحت اور کوآرڈی نیٹر ای او سی سارہ رحمان نے انسدادِ پولیو میں مسلسل تعاون فراہم کرنے پر بین الاقوامی شراکت داروں اور پی پی اے کو سراہا اور پولیو ورکرز کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مخلصانہ کوششوں کی بدولت ویکسی نیشن سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے ۔یونیسف کے چیف فیلڈ آفیسر نے ویکسینیشن کی اہیمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیسف اعلیٰ معیار کی مہمات کے انعقاد، کمیونٹی کی شمولیت کو مضبوط بنانے، غلط معلومات کے تدارک اور ویکسی نیشن کے حوالے سے کمیونٹی کا اعتماد بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں میں مسلسل تعاون، عوامی آگاہی اور عوام کی شرکت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ تقریب کے دوران کمیونٹی میں پولیو ویکسین کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات، تحفظات اور غلط فہمیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ والدین کے سوالات کو توجہ سے سننا، ان کے خدشات کا مستند معلومات کے ذریعے ازالہ کرنا اور مقامی عمائدین، مذہبی رہنماؤں، طبی ماہرین اور دیگر بااثر افراد کو آگاہی کے عمل میں شامل کرنا عوامی اعتماد کے فروغ کے لئے ضروری ہے۔
پشاور سے مزید