بھارت میں خاتون کو ہراساں کرنے والے نشے میں دھت نابالغ لڑکے کو آوارہ کتوں نے بھگا دیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کتوں کی خوب تعریف کی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 3 ستمبر کو پیش آیا۔ 16 سالہ لڑکے کو کوئمبتور سٹی پولیس نے تحویل میں لے کر جووینائل ہوم (بالغوں کے لیے اصلاحی مرکز) بھیج دیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر نشے میں دھت نابالغ لڑکے کو خاتون پر جھپٹتے اور بدتمیزی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس موقع پر گلی میں موجود کتے مسلسل لڑکے پر بھونکتے اور اس کے پاؤں پر پنجے مارتے رہے تاکہ خاتون کو اس سے بچایا جا سکے۔
کتوں کے لگاتار بھونکنے پر بالآخر لڑکے نے خاتون کو چھوڑ دیا، جس کے بعد کتوں نے اسے ڈرا کر بھگا دیا۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ 30 سالہ متاثرہ خاتون معمولی ذہنی نشو و نما کی معذوری کا شکار ہے۔
جنسی ہراسانی کے اس واقعے سے قبل، اس لڑکے نے ایک دکان کو بھی آگ لگا دی تھی۔