کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے سندھ میں انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث پر پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب آج انتظامی یونٹس کی بات ہورہی ہے تو غصہ کیوں آرہا ہے؟ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے خود آئین میں صوبے بنانے کی بات کی تھی۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ میں 18 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، لیکن کراچی سے کشمور تک شہریوں کو پینے کا پانی دستیاب نہیں، 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، کراچی میں گٹر کے ڈھکن نہ ہونے کے باعث بچے گر رہے ہیں جبکہ شہری کتوں کے کاٹنے کا شکار ہورہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے ریونیو انجن کراچی کی حالت سب کے سامنے ہے، نوجوان کرنٹ لگنے سے مر رہے ہیں اور بے روزگاری عروج پر ہے، لیکن ان مسائل پر حکومت کو غصہ نہیں آتا۔