نواب شاہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلی کے پی محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمیں نہ تو اداروں سے نہ ہی عدلیہ سے اور نہ ہی جعلی حکومت سے کوئی امید ہے ہم اپنا راستہ خود بنائیں گے۔ گولی سے ڈر تے ہیں نہ بندوق سے،27ستمبر کو اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈر ،لیڈر وکارکن جمع ہونگے۔ اللہ والا چوک پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ڈیل کر کے ملک سے باہر جا سکتے تھے لیکن انہوں نے اڈیالہ جیل میں رہنے کو ترجیح دی، عمران خان، زرداری اور نواز شریف میں یہی فرق ہے۔ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے وقت ملک 43ہزارارب روپیہ کا مقروض تھا اب 94ہزار ارب روپے کا مقروض ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے حکومت بنائی گئی جس نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے غریب آدمی نان شبینہ سے محروم ہے۔ وزیر اعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہم پہلے بھی کھڑے تھے آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔