کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت واضح کرے کہ خواجہ آصف کا بیان حکومتی پالیسی ہے یا ان کی ذاتی رائے؟ ۔مسلم لیگ (ن) اپنے اتحادیوں کو خوش کرے، لیکن سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے۔ وفاقی وزراء کی جانب سے صوبے کے خلاف بیان بازی سیاسی جارحیت کے مترادف ہے۔ ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کے وفاق اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لئے پیپلز پارٹی اپنا کردار آئندہ بھی ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف سندھ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بیان بازی سے پہلے تاریخ، آئین اور پارلیمانی ریکارڈ کا مطالعہ کریں۔