لاہور(خصوصی نمائندہ )سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ لندن پلان جان بچائو پلان ہے۔ جس کا مقصدعوام سے اپنی جان، مال اور حکومت بچانا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا کوئی بل ابھی سامنے آیا نہیں لیکن پی پی پی نے سنا ، دیکھا اور ماحول بنانا اور شور مچانا شروع کردیا ہے۔ ہم بہاولپور اور ہزارہ صوبہ بنائیں گے ۔ دیکھتے ہیں ہمیں کون روکتا ہے جس کی منظوری خود انہوں نے دی ہوئی ہے۔محمد علی درانی نے کہا ووٹ بینک نہ ہونے کی وجہ سے پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) میں الیکٹ ایبلز کی کوئی دلچسپی اور کشش نہیں رہی۔الیکشن سے پہلے ووٹ بینک تو رہا نہیں تھا، اب سپورٹ بینک بھی ختم ہوگیا ہے۔ پی ٹی آئی نے ڈائریکشن بدل لی ہے ، وہ اب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں نکلے گی، پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف اور صوبوں کی حمایت میں نکلے گی۔انہوں نے کہاکہ اڑھائی سال سے یہی کہہ رہا تھا ۔ پی ٹی آئی جنگی مشین نہیں، وہ تصادم چھوڑ کر سیاست کرے ، حکومت کے خلاف بولے، اسے سیاسی شئیر بھی ملے گا۔ یہ بات اب پی ٹی آئی کو سمجھ آگئی ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے۔