اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے 24ارب روپے کاروباری برادری کیلئے مختص دیے گئے ، یہ بات وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے حوالے سے اجلاس میں بتائی گئی ،وزیراعظم نے کہا کہ3ارب روپے کا رسک پول چھوٹے، درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دیتا ہے، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے پاس موجود تمام سرمایہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔وزیراعظم نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے کاروباری برادری کو برآمدات کا حجم بڑھانے میں سہولت ملے گی۔ ۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، ای ڈی ایف بورڈ کے چیئرمین عمر سعید اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔