کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (NICVD) میں ماہر ڈاکٹروں نے دل میں پیوست گولی نکال کر 12 سالہ بچے کی جان بچالی۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان کے علاقے خضدار سے تعلق رکھنے والے بچے کوعلاقے میں حادثاتی طور پر گولی لگی تھی جسے انتہائی تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے پر ایکو کارڈیوگرافی کے ذریعے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گولی دل میں پیوست ہونے کے باعث بچے کو فوری طور پر آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں ماہر ٹیم نے پیچیدہ سرجری انجام دی۔ طبی ٹیم میں ڈاکٹر سعد بدر، ڈاکٹر عبد الستار شیخ اور پروفیسر امین خواجہ سمیت دیگر ماہرین شامل تھے۔