اسلام آباد (جنگ نیوز) سانحہ پمز تحقیقات میں پیش رفت،ذمہ داران کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ،تفصیلات کے مطابق سانحہ پمز کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پمز انتظامیہ کے معطل 8افسران کے خلاف فوجداری کارروائی مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ تمام 8 معطل افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فوجداری کارروائی مکمل ہونے کے بعد معطل افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ وفاقی پولیس نے پمز کے 8 معطل افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی باضابطہ سفارش بھی کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی جانب سے سفارش کے بعد ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ای سی ایل میں نام شامل کیے جانے والے افسران میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر بھی شامل ہیں۔یہ پیش رفت پمز میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے تناظر میں سامنے آئی ہے، جس میں 14 نومولود بچوں کی جانیں ضائع ہوگئی تھیں۔ واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داروں کے تعین اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد انتظامی سطح پر متعدد افسران کو معطل کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع ہونے کا امکان ہے۔ فوجداری مقدمات کے اندراج اور ای سی ایل میں نام شامل کرنے کی کارروائی کے ذریعے حکام یہ یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ تحقیقات اور قانونی کارروائی مکمل ہونے تک متعلقہ افسران ملک سے باہر نہ جاسکیں۔