کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کوئٹہ کے امیر مفتی محمد احمد خان، سرپرست حافظ حسین احمد شرودی، نائب امیر مفتی عبدالرزاق، ناظم اعلیٰ حاجی خلیل الرحمٰن، مفتی عبدالرزاق نے کہا ہے کہ 7 ستمبر 1974ء کو قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا تھا۔ نبی کریم ﷺ کی محبت وعظمت ایمان کی بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو منان چوک پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں باچا خان چوک سے نکالی گئی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے، جو مختلف شاہراہوں قندھاری بازار سے ہوتی منان چوک پہنچی۔ جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جھوٹے مدعیان نبوت کا فتنہ جب بھی کھڑا ہوا، امت کے ہر اول دستے نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ہر سطح پر عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور دفاع کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت دنیا بھر کے مسلمانوں کا مشترکہ مشن ہے، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ آپﷺ کی شفاعت اور قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، عقیدۂ ختم نبوت مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی اور لازمی جزو ہے۔