اسلام آباد( رانا غلام قادر )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں بحرین سمیت مختلف مشرق وسطیٰ کے ممالک سے پاکستانی کارکنوں کو نکالے جانے کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن حنا ربانی کھر نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ پاکستانی کارکنوں کو مسالک اور فرقے کی بنیاد پر مختلف ممالک سے نکالا جا رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک معاملہ ہے۔سیکرٹری خارجہ کی عدم شرکت پر بھی چیئر پرسن کا اظہار برہمی،وزارت خارجہ کی درخواست پر قائمہ کمیٹی کا اجلاس ان کیمرہ کر دیا گیا ، انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ سے پاکستانی کارکنوں کا انخلا انتہائی حساس معاملہ ہے، اس حوالے سے کمیٹی کو مکمل اور واضح بریفنگ دی جائے۔