کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کی مسلح افواج اور شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و استحکام مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مرہونِ منت ہے۔ کراچی کا مستقبل ہماری مشترکہ کوششوں اور یکجہتی پر منحصر ہے، بلدیہ کراچی جیسا لوکل باڈیز سسٹم ملک میں کہیں اورنہیں ۔ فریئر ہال میں 15 روزہ سلام کراچی فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے آئندہ نسلوں کے لئے مشعلِ راہ رہیں گے۔پاکستان کے دفاع کیلئے جانیں قربان کرنے والے بہادر بیٹے اور بیٹیاں قومی ہیرو ہیں۔ ان کی قربانیوں نے ہماری آزادی کا تحفظ کیا، ہماری خود مختاری کی حفاظت کی اور بحیثیت قوم ہمارے عزم کو مضبوط کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک میں امن اور استحکام پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی شجاعت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے۔