کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے وفاقی وزراء سے کہا ہے کہ پہلے عوام کے درمیان جائیں، عوام سے ووٹ لے کر منتخب ہو کر آئیں، پھر قوم کے فیصلوں پر بات کریں خیراتی یا مصنوعی مینڈیٹ پر بیٹھے ہوئے لوگ قوم کے فیصلے نہیں کر سکتےسندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو مختصر کارروائی کے بعد منگل کی دوپہر تک ملتوی کردیا گیا ، وقفہ سوالات کے دوران کوئی سوال نہیں دریافت کیا گیا ، اپوزیشن کے رکن کی جانب سے ایچ آئی وی سے متعلق قرارداد مسترد کردی گئی ، اجلاس کے دوران اسٹریٹ لائٹس کے سلسلے میں اٹھارویں آئینی ترمیم کا بھی ذکر ہوا ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر اسپیکر نے ارکان کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبران سوال پوچھتے ہیں لیکن خود ایوان میں موجود نہیں ہوتے۔ آج ایوان میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے متعلق وقفہ سوالات تھا ۔ اسپیکر نے کہا کہ وزیر صاحب تیاری کرکے آئے ہیں لیکن ممبران غیر حاضر ہیں ۔ وقفہ سوالات کے دوران کسی بھی رکن نے ضمنی سوال نہیں کیا جس کے بعد وقفہ سوالات ختم کر دیا گیا۔ ایوان کی کارروائی کے دوران ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی عامر صدیقی نے صوبے میں ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاو پر اپنی قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ سندھ حکومت ایچ آئی وی ایڈز کے معاملے پر کمیشن قائم کیا جائے ۔