• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کی تعلیم، گھریلو اخراجات یا لیوی بھتہ ٹیکس، لوگ پریشان، جماعت اسلامی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی،آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس پر دھرناپیر کو23 ویں دن بھی جاری رہا، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے رات گئے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے ڈھائی برس میں فی لیٹر پیٹرول پر 178روپے اور ڈیزل پر 233روپے اضافہ کر کے عوام کی کمر پر مہنگائی کا کوڑا مارا ہے اور لیوی کی مد میں 3137 ارب روپے کا بھتہ وصول کیا گیا او ر عوام ملک کی تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول و ڈیزل خرید رہے ہیں، یہ کتنا بڑا ظلم ہے کہ جس ملک میں کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہے ہوں اور حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہوں وہاں ہر فرد ایک لیٹر پیٹرول پر 130روپے پیٹرولیم لیوی اورد یگر ٹیکسز حکومت کو ادا کررہا ہے، لوگ پریشان ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں، گھر کے اخراجات پورے کریں یا حکومت کو یہ بھاری بھرکم لیوی بھتہ ٹیکس اداکریں، ہمیں کسی طور یہ لیوی بھتہ ٹیکس قبول نہیں ہے،اسے فی الفور ختم کیا جائے،25کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں ختم کریں، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم اور مہنگائی کا خاتمہ کیا جائے،اسی طرح آئی پی پیز اور کراچی میں کے الیکٹرک عوام پر ظلم وستم کررہے ہیں ان کو لگام دی جائے۔علاوہ ازیں دھرنے کے 23ویں دن 7ستمبر یوم ختم نبوت کے حوالے سے د ھرنا گاہ میں ختم نبوت کانفرنس منعقد کی گئی، کانفرنس سے نائب ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماء مولانا عبد الوحید،جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق،صدر جمعیت اتحاد العلماء کراچی مفتی علی زمان کاشمیری،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے نائب صدر مولانا ضیاء الرحمن فاروقی،جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ عقیل انجم قادری،صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی عبد القدوس ا حمدانی، مولانا علامہ روشن دین،مفتی معراج احمد صدیقی ودیگر علمائے کرام نے خطاب کیا، کانفرنس میں علماء کرام و شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دریں اثناء گزشتہ شب رات گئے شاہ لطیف ٹاؤن سے 40کلو میٹر پیدل سفر کر کے ایک قافلہ گورنر ہاؤس پہنچا جس کی قیادت کامران نواز، قدر گل اور دیگر نے کی، منعم ظفر خان نے دھرنا گاہ میں ان کا استقبال کیا، علاوہ ازیں بلدیہ ٹاؤن سے سائیکل ریلی نکالی گئی اور 127سائیکل سواروں کے قافلے کا ریگل چوک پر منعم ظفر خان نے استقبال کیا، بعد ازاں منعم ظفر خان نے خود سائیکل چلا کر ریلی کی قیادت کی اور ریلی گورنر ہاؤس پہنچی، جہاں دھرنے گاہ کے دیگر شرکاء نے سائیکل ریلی کا استقبال کیا۔ٍ
اہم خبریں سے مزید