• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کے پائلٹ فیز کی افتتاحی تقریب

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومتِ بلوچستان اور مسلم ہینڈز کے اشتراک سے ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کے پائلٹ فیز کی افتتاحی تقریب کوئٹہ کے گورنمنٹ بوائز اسکول میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری تعلیم لعل جان جعفر، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام، مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے نمائندوں اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، طلبہ کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان صوبے میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کو جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے، ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔تقریب سے محکمہ تعلیم اور مسلم ہینڈز کے نمائندوں سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پروگرام کا مقصد طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم، ٹیکنالوجی کے استعمال اور مستقبل میں درکار اہم مہارتوں سے روشناس کرانا ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوان جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکیں۔شرکا نے ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کو بلوچستان کے تعلیمی نظام میں ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پائلٹ فیز کی کامیابی کے بعد اس پروگرام کو مزید تعلیمی اداروں تک وسعت دی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر مسلم ہینڈز کی جانب سے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لعل جان جعفر، اساتذہ اور دیگر شرکامیں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔تقریب میں طلبہ و طالبات نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈیجیٹل تعلیم کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
کوئٹہ سے مزید