اسلام آباد(صالح ظافر) پاکستان نے اپنے جوہری توانائی پروگرام کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے چشمہ یونٹ-5 (C-5) کے لیے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ سیف گارڈز معاہدے پر دستخط کردیے۔ یہ معاہدہ آئی اے ای اے کے ہیڈکوارٹرز میں ایجنسی کی 70ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر سائیڈ لائنز میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی کے ساتھ طے پایا۔پاکستان کی جانب سے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے چیئرمین ڈاکٹر راجا علی رضا انور نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ تقریب میں چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی (CAEA) کے چیئرمین شان ژونگ ڈے نے شرکت کی۔