• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برآمدکنندگان کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری دور کی جائیں‘ وزیراعظم

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے اور روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ مزید شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کیلئے تیار کیا جائے،برآمد کنندگان کی راہ میں حائل انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں فوری دور کی جائیں اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے،تجارت کو متنوع بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے،پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورنس کے نظام کو مؤثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قدر اور مسابقت دونوں میں اضافہ ہو،ادھر وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر ملک اور گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی الگ الگ ملاقات کی ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزوزیر اعظم کی زیر صدارت ملکی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا،وزیراعظم نے برآمدی صنعتوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کی ہدایت کی ،انہوں نے ہدایت دی کہ ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے،اجلاس میں برآمدات کے فروغ کیلئے منظور شدہ اسٹرٹیجک روڈ میپ پر عملدرآمد سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی شعبوں میں تنوع، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور کاروباری سہولت کاری کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید