لاہور (خصو صی رپورٹر)وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کو اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی اور گھروں کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قلیل مدت میں 2 لاکھ سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرکے اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ ایک ہزار 300 خاندانوں کو قرضے جاری جبکہ 1 لاکھ 17 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ دوسری اقساط کی ادائیگی کے بعد 34 ہزار سے زائد گھر تکمیل کے قریب ہیں حکومت پنجاب مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے بلاسود مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پنجاب حکومت کے عوام دوست اور فلاحی اقدامات میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔