لاہور(خبرنگار)جرمن سفارتخانے کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات کی، جس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود، مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرمن وفد میں وفاقی کمشنر برائے آزادی مذہب و عقیدہ تھامس راشل، جرمن پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے رکن ڈیوڈ ڈرکسن، جرمن سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن آرنو کرچوف اور فرسٹ سیکرٹری پولیٹیکل وائلٹا کزموا-انانگ شامل تھے اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت اقلیتوں کی فلاح، تحفظ اور بااختیاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی برادریوں کی شمولیت اور ترقی کے لیے ایک جامع پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان تیار کیا جا رہا ہے۔