کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز نے کہا ہے کہ اسکاؤٹنگ کا بنیادی مقصد خدمت، نظم و ضبط اور مشکل حالات میں انسانیت کی مدد کا جذبہ پیدا کرنا ہے اور ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ کے شعبے میں اسکاؤٹس کی تربیت کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔وہ پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور یونیسیف کے تعاون سے ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ کے حوالے سے ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر میں منعقد ہوئی۔تقریب سے پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر ایڈلٹ ٹریننگ لیاقت اعوان، ڈائریکٹر یوتھ پروگرام اور کوارڈینیٹر کورس زاہد محبوب، این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر محمد وسیم، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسسٹنٹ صوبائی کمشنر سید رسول بخش شاہ، پروفیسر معین اظہر صدیقی اور صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر جسٹس (ر) حسن فیروز نے کہا کہ اس وقت ڈیزاسٹر اور ریسکیو کے حوالے سے سندھ اسکاؤٹس کو نمایاں مقام حاصل ہے۔