• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس ملازمین و اہلخانہ کے مسائل کا بروقت ازالہ ترجیحات میں شامل، آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل کا بروقت ازالہ محکمہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ افسران درخواستوں پر میرٹ کے مطابق کارروائی یقینی بنائیں۔دریں اثنا انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و درخواستیں سنیں۔ آئی جی پنجاب نے مختلف درخواستوں پر فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سب انسپکٹر آصف ندیم کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ غازی کانسٹیبل محمد شاہد کی ٹرانسفر سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو معاملہ زیر غور لانے کے احکامات جاری کیے گئے۔اسی طرح سب انسپکٹر سرفراز نواز کی پروموشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے جمعہ کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایات پر مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی گئی جبکہ اہم شاہراہوں، عبادت گاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف پولیس کی موثر پٹرولنگ اور نگرانی کو بھی یقینی بنایا گیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈی پی اوز اور فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔
لاہور سے مزید