لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان نے 2026 کے ماحولیاتی کارکردگی کے عالمی اشاریے (ای پی آئی) میں 22 درجے بہتری حاصل کرلی، پاکستان 2024 میں 179ویں نمبر پر تھا جبکہ تازہ عالمی درجہ بندی میں 157ویں نمبر پر آگیا ہے۔ ییل سینٹر فار انوائرنمنٹل لا اینڈ پالیسی کے مطابق 177 ممالک پر مشتمل تازہ اشاریے میں بھارت 176ویں نمبر پر ہے۔2026 کے اشاریے میں پاکستان کا ماحولیاتی کارکردگی اسکور 29.03 ریکارڈ کیا گیا جبکہ بھارت کا اسکور 22.46 رہا۔ ای پی آئی میں 12 ماحولیاتی شعبوں کے تحت 47 اشاریوں کی بنیاد پر ممالک کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے، جن میں ماحولیاتی صحت، ماحولیاتی نظام کا تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات شامل ہیں۔