اسلام آباد ( طاہر خلیل )پاکستان اور سعودی عرب نے مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے مطابق مکہ مکرمہ نیز سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے‘تفصیلات کے مطابق سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ پیغام کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی عرب باہمی دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دو طرفہ عسکری تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کےدوران مکہ معاہدے کے تحت دفاعی کوششیں بھر پور طریقے سے جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا گیا جبکہ مکہ معاہدے کے رکن ممالک کے عسکری سربراہان کے حالیہ اجلاس کا بھی خیر مقدم کیا گیا۔ملاقات میں مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کی اہم تنصیبات پر ہونے والےحملوں کے حوالے سے بھی خصوصی بات چیت کی گئی اور مکہ معاہدے کے تحت ایسے کسی بھی خطرے یا حملے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں اور اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔