اسلام آ باد ،لاہور( نیو زرپورٹر/نمائند گان جنگ )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر جلسوں اور دستخطی مہم کا اعلان کرتے ہوئے حکومت پر واضح کیا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں لیوی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو لانگ مارچ کرینگے۔منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یواین میں وزیر اعظم کی تقریر میں کشمیر و فلسطین کا تفصیلی ذکر نہیں تھا،خیبر پختونخوا میں گورنر راج جیسے اقدامات کی مذمت کرینگے۔حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ایک بیا ن ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر ہونے والے خو دکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ حکومت دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو مالی امداد فراہم کرے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کی جائے۔ پریس کانفرنس میں انہوں اقوام متحدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر میں مسئلہ کشمیر و فلسطین کا تفصیلی ذکر نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹرمپ کو خوش کرنے کی بجائے حکمرانوں کو بھارت کی مقبوضہ وادی اور اسرائیل کی فلسطین میں جاری سفاکیت کے خلاف واضح اور دوٹوک موقف لینا چاہیے۔