اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر، رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مواقع سے مستفید ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر خلیجی بحران پیدا نہ ہوا ہوتا تو ہم بھی دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکے ہوتے، ہم اس چیلنج سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی اور قیام امن کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان ایک ایسی منڈی ہے جہاں ہم غیر ملکی سرمایہ کاری کو باآسانی راغب کر سکتے ہیں، یہ سرمایہ کاری انتہائی پرکشش، منافع بخش، باہمی طور پر فائدہ مند، محفوظ اور مستحکم ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لندن اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جن کو لندن اسٹاک ایکسچینج ٹریڈنگ اوپننگ کا اعزاز حاصل ہوا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے برطانیہ کے دورے کے دوران منگل کے روز لندن میں دنیا کے معروف مالیاتی اداروں بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان کے مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے Dual Tranche یورو بانڈز لسٹنگ کی بھی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ لندن سٹاک ایکسچینج کی اس تقریب کا افتتاح کرنا میرے لیے باعث مسرت اور اعزاز ہے، یہ تقریب یقیناً پاکستان کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی، میں یہ بات اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے اپنے معاشی اشاریوں کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے جو مستقبل کے لیے نہایت حوصلہ افزاء اور امید افزاء ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خلیجی بحران کے تناظر میں ہم نئے اسباق سیکھیں، سرمایہ کار اب محفوظ تر منڈیوں کا جائزہ اور تجزیہ کر رہے ہیں اور پاکستان ایک ایسی منڈی ہے جہاں ہم غیر ملکی سرمایہ کاری کو باآسانی راغب کر سکتے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری انتہائی منافع بخش، باہمی طور پر فائدہ مند، محفوظ اور مستحکم ہو سکتی ہے۔اس سلسلے میں ہمارے وزیر خزانہ اور دیگر اہم ارکان اقتصادی ٹیم کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم یقینی طور پر آپ کی رہنمائی اور مشورہ حاصل کرنا چاہیں گے کہ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کو پاکستان میں مزید فعال کردار ادا کرنے کیلئے کس طرح راغب کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت پاکستان اور لندن کے اہم مالیاتی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کا مظہر ہے۔لندن سٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ شوئمر اورلندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔لندن سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب پیٹرنوسٹر سکوائر میں واقع اس کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوتی ہے اور اس کے ذریعے لندن میں کاروباری دن کی ٹریڈنگ کا باقاعدہ آغاز ہوتا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کے دورے کے دوران منگل کے روز لندن میں دنیا کے معروف مالیاتی اداروں بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔