• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم بی بی کی MDCAT میں شاندار کامیابی، بلوچستان بھر میں دوسری پوزیشن

کوئٹہ (پ ر)چاغی سے تعلق رکھنے والی ہونہار اور باصلاحیت طالبہ مریم بی بی دختر اورنگزیب شاہ نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ ( ایم ڈی کیٹ) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 163 نمبر حاصل کیے اور صرف ایک نمبر کے فرق سے بلوچستان بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ MDCAT میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے 164 نمبر حاصل کیے۔مریم بی بی نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز(BUMHS) کے تحت منعقدہ ایم ڈی کیٹ میں163 نمبر حاصل کرکے بلوچستان بھر میں دوسری۔جبکہ ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ان کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کے والدین اور اساتذہ بلکہ ضلع چاغی اور بلوچستان بھر کے لیے باعثِ فخر ہے۔مریم بی بی کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ و طالبات بھی محنت، لگن، عزم اور مستقل مزاجی کے ذریعے اعلیٰ تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں۔مریم بی بی نے FSC میں وفاقی بورڈ کے تحت صوبے بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے اپنی قابلیت اور محنت کا لوہا منوایا تھا۔مریم بی بی کے والدین نے اپنی بیٹی کی شاندار کامیابی پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم بی بی نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ضلع چاغی اور پورے بلوچستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔ محدود وسائل اور دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود اپنی قابلیت اور محنت کے ذریعے صوبے بھر میں نمایاں مقام حاصل کرنا دیگر طلبہ و طالبات کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ مریم بی بی جیسی باصلاحیت اور ہونہار طالبہ اس وقت حکومت کی خصوصی توجہ اور سرپرستی کی مستحق ہیں۔ MDCAT میں بلوچستان بھر میں دوسری پوزیشن اور قبل ازیں FSC میں وفاقی بورڈ سے صوبے بھر میں سیکنڈ پوزیشن حاصل کرنے والی اس طالبہ کو تاحال حکومت کی جانب سے کسی اسکالرشپ، لیپ ٹاپ اسکیم یا دیگر تعلیمی معاونت سے مستفید ہونے کا موقع نہیں مل سکا۔اہلِ علاقہ اور تعلیمی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ مریم بی بی کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں حکومتی سرپرستی میں مناسب تعلیمی وظیفہ، لیپ ٹاپ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایسی باصلاحیت طالبہ کی سرپرستی نہ صرف مریم بی بی کے تعلیمی مستقبل کو مزید روشن کرے گی بلکہ وہ مستقبل میں اپنی قابلیت کے ذریعے بلوچستان کا نام قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید روشن کرسکتی ہیں۔ مقامی عمائدین، اساتذہ، تعلیمی حلقوں اور اہلِ علاقہ نے مریم بی بی کو MDCAT میں شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اہلِ علاقہ نے امید ظاہر کی کہ مریم بی بی مستقبل میں بھی اپنی محنت، قابلیت اور عزم کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کریں گی اور بلوچستان کے دیگر طلبہ و طالبات کے لیے مشعلِ راہ اور ایک مثالی کردار ثابت ہوں گی۔مریم بی بی اور ان کے والدین کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد اور مستقبل کی کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات پیش کی گئیں۔
کوئٹہ سے مزید