اسلام آباد (طاہر خلیل)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کی ہر کوشش کا جواب دیا جائیگا، افغان عبوری حکومت کو عسکریت پسندانہ سوچ سے نکل کر ذمہ دار ریاست کی سوچ اپنانا ہوگی، پاکستان امن، مذاکرات اور پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے تاہم پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کا جواب دیا گیا اور دیا جائے گا، افغان عوام ایک بہتر اور خوشحال مستقبل کے مستحق ہیں اور انہیں اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار ملنا چاہیے ۔ منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں ”افغان صورتحال اور امن کی جانب پیشرفت“ کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ہمسایہ ممالک ہیں اور ہمیشہ ہمسائے رہیں گے، پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران 40 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور انتہائی فراخ دلی کا مظاہرہ کیا۔