کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نے کراچی کے تاریخی گورنمنٹ دہلی اسکول کی عمارت اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے سیکریٹری تعلیم سندھ کو تجاویز کا جائزہ لے کر 28 اکتوبر تک رپورٹ اور جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ہائی کورٹ میں دہلی گورنمنٹ اسکول کے قبضے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹری ایجوکیشن زاہد علی عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت میں اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے معاملے کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ بیرسٹر اسد نے کہا کہ دہلی اسکول و کالج 4 بلاکس پر مشتمل ایجوکیشنل کمپلیکس ہے۔ عدالت کے حکم پر بلاک سی اور ڈی کا قبضہ اولڈ بوائز ایسوسی کو دیا گیا۔ تاہم بلاک سی کی عمارت پر دوبارہ محکمہ تعلیم نے قبضہ کرلیا ہے۔ بلاک سی اور ڈی مکمل ایسوسی ایشن کے حوالے کر دیئے جائیں۔ نجی اور سرکاری اداروں کے تحت تعلیمی اداروں میں مقابلے کی فضا پیدا ہوگی۔