• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ نے چوکنڈی میں اسپیشل سیکورٹی ٹریننگ اکیڈمی کی منظوری دیدی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چوکنڈی میں 9.5 ارب روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) ہیڈکوارٹرز اور سیکیورٹی ٹریننگ اکیڈمی کے قیام کی اصولی منظوری دیدی ہے۔ اس جدید ترین اکیڈمی کا مقصد مستقبل کے سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مضبوط بنانا اور مشن کے لیے اعلیٰ تربیت یافتہ اہلکار تیار کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، ہوم سیکریٹری اقبال میمن، انسپکٹر جنرل آف پولیس (IGP) جاوید عالم اوڈھو، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، فنانس سیکریٹری اصغر میمن اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کے علاقے چوکنڈی میں مجوزہ جدید ترین اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) ہیڈ کوارٹرز اور سیکیورٹی ٹریننگ اکیڈمی کا جائزہ لیتے ہوئے 9.5 ارب روپے مالیت کےاس منصوبےکی منظوری دیتے ہوئے پی اینڈ ڈی اور محکمہ داخلہ کو اس کے ماسٹر پلان کا جائزہ لینےاور منصوبے کو منظوری کیلئے متعلقہ فورمز کے سامنے پیش کرنے کی خاطراپنی سفارشات جمع کرانےکی ہدایت کی۔
اہم خبریں سے مزید