اسلام آباد ( نیوز رپورٹر )پاکستان علماء کونسل نے اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں منعقدہ مملکت سعودی عرب کی فکری انحرافات کے سدباب کی کوششوں کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے اختتام پر جاری کی گئی 31 سفارشات اور تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین، انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل اور نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا سعودی عرب کی فکری سلامتی اور اعتدال کے فروغ کی کوششوں کو خراجِ تحسین ۔ پاکستان علماء کونسل نے کہا ہے کہ کانفرنس کی سفارشات فکری شعور کے فروغ، اعتدال و میانہ روی، متوازن فکر، علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ، تعلیمی نظام کی بہتری، ڈیجیٹل ماحول میں پیدا ہونے والے نئے چیلنجز سے نمٹنے اور علماء، تعلیمی اداروں، محققین، میڈیا اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتی ہیں۔ مدینہ منورہ میں دو روزہ کانفرنس کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین، انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل اور نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مملکت سعودی عرب کی فکری انحرافات کے سدباب کی کوششوں کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کو سراہتے ہوئے اسے علمی مکالمے، تحقیق اور تجربات کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا ہے۔