کوئٹہ(پ ر) عالمی یوم قلب کے موقع پر ممتاز معالج ڈاکٹر یاسر خوستی نے کہا ہے کہ دل انسانی جسم کا اہم ترین عضو ہے جو پورے جسم میں خون کی ترسیل کے ساتھ پھیپھڑوں سے آکسیجن حاصل کرکے اسے خون کے ذریعے جسم کے مختلف حصوں تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔بیان میں انہوں نے کہا کہ دل کو خون کی فراہمی بھی شریانوں کے ذریعے ہوتی ہے۔ یہ شریانیں دل سے نکل کر باریک شاخوں میں تقسیم ہوتی ہیں اور دل کے پٹھوں کو خون فراہم کرتی ہیں۔ اکثر اوقات ان شریانوں میں تنگی پیدا ہونے کے باعث دل کے پٹھوں کو خون کی فراہمی متاثر یا بند ہوجاتی ہے، جسے عام طور پر دل کا دورہ یا ہارٹ اٹیک کہا جاتا ہے، جبکہ طبی اصطلاح میں اسے مائیوکارڈئیل انفارکشن کہا جاتا ہے۔ڈاکٹر یاسر خوستی نے کہا کہ دل کا دورہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے، تاہم بروقت طبی امداد کی صورت میں مریض کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ بعض مریضوں میں بند یا تنگ شریانوں کو اسٹنٹ یا بائی پاس سرجری کے ذریعے کھولا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دل کی بیماریوں کی مختلف اقسام ہیں، جن میں پیدائشی طور پر دل میں سوراخ، دل کے پٹھوں کی کمزوری، دل کے پٹھوں میں انفیکشن، دل کی دھڑکن کا غیر معمولی طور پر تیز یا سست ہونا اور دھڑکن میں بے ترتیبی سمیت دیگر امراض شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صحت مند زندگی کے لئے صحت مند دل کا ہونا ضروری ہے۔ دل کو صحت مند رکھنے کے لیے متوازن غذا کا استعمال، زیادہ چکنائی اور نشاستہ دار غذاوں سے پرہیز اور روزانہ کم از کم 30 منٹ واک کو معمول بنانا چاہیے۔ڈاکٹر یاسر خوستی نے کہا کہ پیٹ کے گرد اضافی چربی کو بڑھنے نہیں دینا چاہئے جبکہ وزن یا جسمانی چربی مقررہ حد سے بڑھ جائے تو اسے کم کرنے کے لئے ماہر غذائیت سے مشورہ لینا چاہئے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ دل کو صحت مند رکھنے کے لئے سگریٹ نوشی اور الکوحل سے پرہیز کیا جائے، صفائی ستھرائی کا خیال رکھا جائے اور صحت مند طرز زندگی اپنایا جائے۔