ملتان(سٹاف رپورٹر )کمشنر عامر کریم خاں نے ملتان پبلک سکول اینڈ کالج میں یو بی ایل کے اشتراک سے منعقدہ ایم او یو سائننگ تقریب میں شرکت کی۔ یو بی ایل کی جانب سے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت ادارے کو 16 جدید ڈیجیٹل بورڈز فراہم کیے جا رہے ہیں، یہ ملتان کا پہلا سکول ہے جہاں بیک وقت 16 جدید ڈیجیٹل بورڈز کی تنصیب کے ذریعے تدریسی عمل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائےگا،کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل بورڈز سے اساتذہ کو اسباق کی بہتر وضاحت اور طلبہ کو مشکل تصورات آسانی سے سمجھنے میں مدد ملے گی، ٹیکنالوجی پر مبنی تدریس طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی بڑھانے اور تعلیم کے معیار میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگی،انہوں نے نجی شعبے کے تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون کو سراہتے ہوئے دیگر بینکوں اور اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں،ایم او یو کے تحت ملازمین کے لیے بینکنگ سہولیات، کیش مینجمنٹ اور ڈیجیٹل لرننگ کے فروغ میں تعاون بھی شامل ہے۔تقریب میں ایڈیشنل کمشنر شاہد جوئیہ، معروف صنعتکار حسین فضل، یو بی ایل انتظامیہ اور ملتان پبلک سکول کی پرنسپل عظمیٰ خان نے شرکت کی۔