ملتان(سٹاف رپورٹر) کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، اہم چوکوں کو سگنلائزڈ کرنے، ٹریفک انجینئرنگ کے ذریعے مسائل حل کرنے اور ٹریفک قوانین پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ایس پی چوک، ہائی کورٹ چوک، اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کی تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا، مختلف چوکوں پر سگنلز کی تنصیب، ون وے ٹریفک، لین مارکنگ، سینٹرل میڈین، یوٹرنز اور متبادل راستوں سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا تاکہ شہریوں کو غیر ضروری ٹریفک دباؤ اور طویل چکروں سے بچایا جا سکے،کمشنر نے ہدایت کی کہ ٹریفک مسائل کے حل کے لیے فوری اور طویل المدتی اقدامات میں توازن رکھا جائے، نئے ترقیاتی منصوبوں اور سڑکوں کی بہتری کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کو بھی مربوط بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ٹریفک کے مسائل پیدا نہ ہوں۔اجلاس میں بوسن روڈ، ملتان ایونیو، رضا آباد چوک، چنگی نمبر ایک اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک کی بہتری، غیر قانونی پارکنگ کی روک تھام، سڑکوں پر لین مارکنگ اور ٹریفک پولیس کی نفری کی موثر تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،کمشنر نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، ون وے کی خلاف ورزی، غلط پارکنگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف چالان، لفٹر کے ذریعے گاڑیاں منتقل کرنے اور قانون کے مطابق دیگر اقدامات کے ذریعے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ڈی سی ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم ڈی جی ایم ڈی اے اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔