کسی بھی معاشرے میں پُرتشدّد رجحانات اور رویّے اچانک جنم نہیں لیتے بلکہ ان کے پسِ پردہ طویل سماجی، نفسیاتی، معاشی، نسلی اور ادارہ جاتی عوامل کار فرما ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی شخص اشتعال میں آکر کسی دوسرے فرد پر حملہ آور ہوتا ہے، شوہر بیوی کو تشدّد کا نشانہ بناتا ہے، کوئی نوجوان معمولی سے اختلاف پر ہتھیار اُٹھا لیتا ہے اور کوئی گروہ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی اشتعال انگیزی سے متاثر ہو کر کوئی انتہائی قدم اُٹھاتا ہے، تو ان تمام تر واقعات کے محرّکات بہت پہلے سے جنم لے چُکے ہوتے ہیں۔
دوسری جانب گھریلو تنازعات، معاشی دباؤ، بے روزگاری، محرومی، مسلسل ذہنی تناؤ، منشیات کا استعمال، انتقام، عدم برداشت، احساسِ کم تری، طاقت کا غلط استعمال، صنفی تعصبات، کم زور سماجی تعلقات، لاقانونیت اور انصاف میں تاخیر ایسے عناصر ہیں کہ جو رفتہ رفتہ ایک ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں، جس میں ظلم و ستم ہی کو مسئلے کے حل کے طور پر قبول کیا جانے لگتا ہے۔ اس لیے سماجی تشدّد کو محض قانونی یا عدالتی معاملہ سمجھنا ایک بنیادی غلطی ہوگی۔
سب سے پہلے تو ہمیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کسی بھی معاشرے میں پُرتشدّد واقعات کی شرح صرف گرفتار مجرمان کے تناسب میں اضافے سے نہیں گھٹتی بلکہ اصل کام یابی اُس وقت ہوگی کہ جب ہم یہ جان سکیں کہ کتنے ممکنہ جرائم وقوع پذیر ہونے سے قبل ہی روک لیےگئے؟ کتنے گھریلو تنازعات کو پُرتشدّد واقعات میں تبدیل ہونے سے پہلے حل کر لیا گیا؟ کتنی خواتین اور بچّوں کو بروقت تحفّظ ملا؟ اور کتنے خوف ناک حالات کی نشان دہی جُرم ہونے سے پہلے کر لی گئی؟
تشدّد کا آغاز کہاں سے ہوتا ہے؟
تشدّد کی ابتدائی شکل ہمیشہ مارپیٹ نہیں ہوتی بلکہ بعض اوقات یہ الفاظ کی صُورت مسلسل تذلیل، دھمکی آمیز کلمات، مالی و جذباتی دباؤ اور فرد کوسماجی طور پر تنہا کرنے سے شروع ہوتا ہے۔ اگر کسی گھر میں شوہر اپنی بیوی کو مسلسل ڈراتا دھمکاتا ہے، بچّے ہمہ وقت والدین سے خوف زدہ رہتے ہیں اور اختلاف کا واحد جواب چیخ پُکار اور طاقت کا استعمال ہے، تو اُس گھر میں ظلم و ستم معمول بن جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے، سماج میں پُرتشدّد واقعات کی روک تھام کا آغاز گھر سے ہونا چاہیے۔
یاد رہے، ایک بچّہ سب سے پہلے قانون کی کوئی کتاب نہیں پڑھتا بلکہ اپنے والدین کے رویّوں کا جائزہ لیتا ہے۔ وہ اس بات پر غور کرتا ہے کہ غُصّے میں اُس کے والدین کا طرزِعمل کیا ہوتا ہے؟ اختلاف کی صُورت میں وہ ایک دوسرےسے کس طرح بات کرتے ہیں اور ایک طاقت وَر شخص کم زور فرد کے ساتھ کیسا برتاؤ کرتا ہے؟
اگر اُسے بچپن ہی سے یہ سبق ملے کہ طاقت کا مطلب دوسرے کو دبانا ہے، تو لامحالہ گھر اور معاشرہ مستقبل میں ایک ایسے فرد کو جنم دے سکتا ہے،جو اختلاف کو مکالمے سے نہیں بلکہ غلبے سے حل کرنا چاہتا ہے۔ اس لیے سماجی ظلم و جبر روکنے کی ابتدا گھر ہی سے ہونی چاہیے۔
تعلیم صرف ذریعۂ روزگارنہیں، کردارسازی کا عمل بھی
ہم نے ایک طویل عرصے سے تعلیم کو محض ڈگری، ملازمت اور معاشی ترقّی سے جوڑ رکھا ہے، جب کہ تعلیم کا ایک اہم مقصد انسانی رویّوں اور کردار کی تشکیل بھی ہے۔ اگر ایک نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود بھی اختلافِ رائے اور خُود پر تنقید برداشت نہیں کرسکتا، خواتین کا احترام نہیں کرتا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلاتا ہے، تو پھر یہ سوال ضروراُٹھتا ہےکہ کیا ہمارے نظامِ تعلیم میں کوئی کمی رہ گئی ہے؟
اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں میں پائی جانے والی ان خامیوں کو دُور کرنے کے لیے ہمیں اپنے اسکولز، کالجز اور یونی ورسٹیز میں تنازعات کے حل، جذباتی ذہانت، ڈیجیٹل سٹیزن شپ، انسانی حقوق، برداشت، مکالمے اور شہری ذمّےداری جیسے موضوعات کو محض نصابی معلومات کی بجائے عملی تربیت کا حصّہ بنانا ہوگا۔ یاد رہے، ایک صحت مند معاشرہ وہ نہیں کہ جہاں سب لوگ ایک جیسا سوچیں بلکہ وہ ہے، جہاں مختلف الخیال لوگ ایک دوسرے کے وجود اور حقِ اختلاف کا احترام کریں۔
نوجوان، غُصّہ اور مستقبل کا سماجی بُحران
سماجی تشدّد کے تجزیے میں نوجوان نسل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ نوجوانی توانائی، جذبات اور شناخت کی تشکیل کا دَورہوتی ہے اور اگر اس مرحلے پر کسی نوجوان کو مثبت سرگرمیاں، صحت مند سماجی تعلقات، کھیل، تحقیق، تعلیم اور روزگار کے مواقع نہ ملیں، تو وہ منفی اثرات کا شکار ہوسکتا ہے اور منشیات، انتہا پسندانہ و پُرتشدّد مواد اور جرائم کی رومانی تصویر کَشی اس کے دل و دماغ پر اثرات مرتّب کر سکتی ہے۔
تاہم، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہر نوجوان ہی خطرہ ہے بلکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ریاست اور معاشرہ نوجوانوں کو مثبت ذرائع فراہم کرنے میں کس قدر کام یاب ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں کھیل کے میدان، کُتب خانے، ٹیکنالوجی سینٹرز، ووکیشنل ٹریننگ، تحقیق کے مواقع اور روزگارکی مناسب سہولتیں بھی بالواسطہ طور پر جرائم سے بچاؤ کی پالیسی کا حصّہ ہوسکتی ہیں۔
واضح رہے، جُرم سے لڑنے کے لیے صرف جیلیں بنانا کافی نہیں بلکہ ایسے مواقع پیدا کرنا بھی ضروری ہیں کہ جن کے ذریعے نوجوان تخریب کی بجائے تعمیر کا راستہ اختیار کریں۔
معاشی دباؤ اور تشدّد کے مابین تعلق
ہرچند کہ ہر غریب شخص مجرم اور ہر امیر فرد قانون پسند نہیں ہوتا لیکن معاشی عدم تحفّظ کو سماجی جبر کےعوامل میں مکمل طور پر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ بےروزگاری، قرض، منہگائی اور مسلسل مالی دباؤ انسان کے ذہنی تناؤ میں اضافہ کرسکتا ہے اور بعض خاندانوں میں موجود یہی دباؤ گھریلو تنازعات کی شدّت بڑھادیتا ہے۔
اس لیے معاشرے میں جرائم کی روک تھام کی حکمتِ عملی کو محض پولیس کے بجٹ تک محدود رکھنے کی بجائے سماجی پالیسی سے بھی جوڑنا ہوگا۔ اگر حکومت تخفیفِ غُربت، روزگار، تعلیم، صحت اور سماجی تحفّظ کا مؤثر نظام تشکیل دیتی ہے، تو اس کے اثرات صرف معیشت تک محدود نہیں رہتے بلکہ معاشرتی استحکام پر بھی مرتّب ہوتے ہیں۔
خواتین پر ظلم: گھریلو معاملہ نہیں، ریاستی ذمّےداری
خواتین پر ظلم وتشدّد ہمارے معاشرے کا ایک نہایت حسّاس اور پیچیدہ مسئلہ ہے اوراس کی کئی شکلیں ہیں: جسمانی تشدّد، نفسیاتی تشدّد، جنسی تشدّد، دھمکی آمیز رویّہ، معاشی دباؤ، ہراسانی، نقل وحرکت پرغیر ضروری پابندیاں اور مسلسل خوف کا شکار رکھنا۔
بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں بعض اوقات گھریلو تشدّد کو ’’گھر کا معاملہ‘‘ کہہ کر نظر انداز کردیا جاتا ہے اور یہی طرزِعمل متاثرہ خاتون کو مدد حاصل کرنے سے روکتا اور تشدّد کرنے والے کو مزید حوصلہ دیتا ہے، جب کہ اس ضمن میں ’’پنجاب پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلینس ایکٹ 2016ء‘‘ ایک اہم قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
اس قانون کا بنیادی تصوّر یہ ہے کہ تشدّد کی شکار خاتون کو صرف جُرم کے بعد مقدمّے اور سزا کے مرحلے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے قانونی تحفّظ اور فوری امداد کا راستہ بھی فراہم کیا جائے۔
اس قانون کے تحت مخصوص حالات میں پروٹیکشن آرڈر، ریذیڈینس آرڈر اور مانیٹری آرڈر جیسے اقدامات کی گنجائش موجود ہے۔ یہ قانون اس لیے اہم ہے کہ متاثرہ خاتون کے لیے صرف یہ کافی نہیں کہ مجرم کے خلاف مقدّمہ درج ہوجائے، کیوں کہ اگر متاثرہ خاتون غیر محفوظ گھر یا ماحول میں واپس جانے پرمجبور ہو، تو قانونی کارروائی کے باوجود خطرہ برقرار رہ سکتا ہے۔
لہٰذا، خواتین کے تحفّظ کے قوانین کو پولیس، عدالت، سوشل ویلفیئر، شیلٹر ہومز، میڈیکل سروسز اور قانونی معاونت کے نظام سے مؤثر طور پر جوڑنا ہوگا۔ قانون کا اصل امتحان اُس وقت ہوتا ہے، جب ایک خوف زدہ خاتون تھانے، عدالت یا متعلقہ ادارے کے دروازے پر دستک دیتی ہے۔
اگر اُس وقت ریاست اُسے تحفّظ دینے میں کام یاب ہو جائے، تو پھر قانون کارآمد ہے لیکن اگر وہ مزید خوف اور بے بسی کا شکار ہوجائے، تو اس کا مطلب ہے کہ قانون کی کتاب میں موجود شِقیں عملی تحفّظ میں تبدیل نہیں ہو سکیں۔
بچّوں کے تحفّظ کا سوال
بچّوں پر ظلم وجبر سماجی تشدّد کی سب سے تشویش ناک صُورتوں میں سے ایک ہے، کیوں کہ ایک بچّہ اپنے تحفّظ کے لیےمکمل طور پر بڑوں پر انحصار کرتا ہے۔ گھریلو مارپیٹ، جنسی استحصال، جبری مشقّت، اغوا، کم عُمری کی شادی اور ذہنی تشدّد ایسے معاملات ہیں کہ جن میں بچّے کی آواز اکثر دب کر رہ جاتی ہے اور اس سلسلے میں چائلڈ پروٹیکشن سسٹم کو پولیس کے روایتی نظام سے الگ تھلگ خصوصی اور حسّاس نظام کے طور پر مضبوط کرنےکی ضرورت ہے۔
اس ضمن میں دُعا زہرہ کیس نے عُمر، رضامندی، دستاویزی ریکارڈ، طبّی شواہد، کم عُمر افراد کے قانونی تحفّظ اور مختلف صوبائی اداروں کےدرمیان رابطےجیسے پیچیدہ سوالات کو نمایاں کیا۔ اس کیس میں عُمر کے تعیّن کے لیے مختلف طبّی معائنے اور دستاویزی شواہد زیرِبحث آئے، جب کہ بعد میں ایک خصوصی میڈیکل بورڈ نے عُمر کا تخمینہ 15 سے 16 سال کے درمیان قرار دیا۔
اس واقعے نے یہ بھی ظاہر کیا کہ جب عُمر، رضامندی اورقانونی حیثیت کے بارے میں متضاد معلومات سامنے آئیں، تو تفتیش اور عدالتی عمل کتنا پیچیدہ ہو سکتا ہے، نیز، اس تجربے سے یہ اہم اصول بھی سامنے آتا ہے کہ بچّوں سے متعلق معاملات میں ریاست کو صرف یہ پیشِ نظر نہیں رکھنا چاہیے کہ بچّہ کیا کہہ رہا ہے؟ بلکہ یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ وہ عُمر، ذہنی پُختگی، دباؤ اور ممکنہ استحصال کے تناظر میں آزادانہ فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں بھی ہے یا نہیں؟
نور مقدّم کیس: جُرم سے آگے کا سبق
اسلام آباد میں نورمقدّم نامی خاتون کا قتل پاکستانی معاشرے میں خواتین کے تحفّظ، طاقت کے غلط استعمال، تشدّد، تفتیش اور جدید فرانزک شواہد کے حوالے سے ایک اہم کیس ثابت ہوا۔ اس مقدّمے میں سی سی ٹی وی فوٹیجز، موبائل فونز، ڈی این اے اور دیگر سائنسی و ڈیجیٹل شواہد کی اہمیت نمایاں ہوئی۔
بعدازاں، سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں بھی ڈیجیٹل شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیجزکی قانونی اہمیت پر بحث سامنے آئی اور عدالت نے مناسب ثقاہت کے ساتھ ڈیجیٹل فوٹیجز کی شواہداتی اہمیت تسلیم کی۔
یہ کیس ہمیں بتاتا ہے کہ جدید جرائم کی تفتیش صرف روایتی گواہان کے بیانات تک محدود نہیں رہ سکتی بلکہ جائے وقوع، موبائل فون، کیمرا، ڈیجیٹل لاگز، ڈی این اے اور انگلیوں کے نشانات بھی گواہان ہیں، لیکن ان خاموش گواہوں کی زبان سمجھنے کے لیے ماہرین اور مضبوط و مستحکم فرانزک اداروں کی ضرورت ہے۔
فرانزک سائنس: جُرم کی خاموش گواہ
ایک جدید کریمنل جسٹس سسٹم میں فرانزک سائنس کو ثانوی حیثیت نہیں دی جا سکتی، کیوں کہ جائے وقوع سےحاصل ہونے والا خُون، بال، جِلد کے ذرّات، انگلیوں کے نشانات، جوتوں کے نشان، ریشے، ہتھیار، گولیوں کے خول، ڈی این اے، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر مواد کسی واقعےکی حقیقت تک پہنچنے میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں، لیکن فرانزک سائنس صرف لیبارٹری کا نام نہیں بلکہ اس کا آغاز کرائم سِین یا جائے وقوع سے ہوتا ہے۔
اگر جائے وقوع محفوظ نہ ہو، غیر متعلقہ افرادوہاں داخل ہوجائیں، ثبوتوں کو صحیح طریقے سے پیک نہ کیا جائے یا ’’چَین آف کسٹڈی‘‘ برقرار نہ رہے، تو اس کے لیبارٹری میں ہونے والی تحقیق پر اثرات مرتّب ہوتے ہیں۔ اس لیے پاکستان میں ’’فرانزک کرائم سین یونٹس‘‘ کو مضبوط جدید اور مؤثر بنانے کے علاوہ پولیس کے روزمرّہ تفتیشی نظام کے ساتھ مربوط کرنا بھی ضروری ہے۔
ڈیجیٹل فرانزک: تفتیش کا نیا میدان
آج تقریباً ہر شخص ہی اپنی زندگی کے کچھ نہ کچھ لمحات ڈیجیٹل دُنیا میں گزارتا ہے اور فون کالز، پیغامات، ای میلز، تصاویر، ویڈیوز، لوکیشن ڈیٹا، ہسٹری، براؤزر، کلاؤڈ اسٹوریج، سوشل میڈیا پر سرگرمیاں اور مختلف ایپس کا استعمال کسی بھی واقعے کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔ اسی لیے ڈیجیٹل فرانزک اب کرائم انویسٹی گیشن کا بنیادی شُعبہ بن چُکا ہے لیکن ڈیجیٹل شواہد کی اہمیت کے ساتھ ایک بڑا خطرہ بھی موجود ہے۔
یعنی شواہد میں ترامیم۔ مثال کے طور پر کوئی بھی آواز مصنوعی طور پر بنائی جا سکتی ہے، ویڈیو میں ایڈیٹنگ ہوسکتی ہے اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بنایا جاسکتا ہے اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے ’’ڈِیپ فیکس‘‘ اور ’’سینتھیٹک میڈیا‘‘ مستقبل میں تفتیش کے میدان مزید پیچیدگیاں پیدا کرسکتے ہیں۔ اس لیے آنے والے برسوں میں Digital Evidence Authentication، Cyber Forensics، Metadata Analysis اور AI-generated content detection کی اہمیت خا صی بڑھ جائے گی۔
مصنوعی ذہانت: جرم کی پیش گوئی یا انسانی آزادی کے لیے خطرہ؟
اے آئی پولیسنگ میں ایک طاقت وَر معاون بن سکتی ہے۔ Crime Mapping، Hotspot Analysis، Pattern Recognition، Missing Persons Analysis، CCTV Analytics، Digital Evidence Processing اور Repeated Incidents کے تجزیے میں مصنوعی ذہانت بڑے پیمانے پر اپنا کردار ادا کرسکتی ہے۔
مثلاً اگر کسی شہر کے مختلف علاقوں میں مخصوص اوقات میں ایک ہی نوعیت کے جرائم بڑھ رہے ہوں توڈیٹا اینالیٹکس پولیس کو یہ سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے کہ کہاں زیادہ وسائل درکار ہیں۔ تاہم، اگر ایک اے آئی کسی علاقے کو ’’زیادہ خطرناک‘‘ قرار دے، تو پولیس کو اس بنیاد پر تمام مکینوں کو مجرم سمجھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور اگر الگورتھم کی بنیاد پر کسی شخص کو مشکوک قرار دیا جائے، تو اسے جُرم کا ثبوت نہیں سمجھا جا سکتا۔ یعنی جرائم کی تفتیش کے دوران مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے پرائیویسی، شفّافیت، باقاعدہ طریقۂ کار اور احتساب بنیادی اصول ہونے چاہئیں۔
سوشل میڈیا اور نفرت انگیز مواد کا پھیلاؤ
گرچہ سوشل میڈیا نےاظہارِرائے کو جمہوری بنایا لیکن اس کے ساتھ ہی نفرت اور افواہوں کے پھیلاؤ کو بھی غیرمعمولی رفتاردی۔ اب ایک غیرمصدّقہ خبرچند مِنٹس میں ہزاروں افراد تک پہنچ سکتی ہے، ایک ایڈٹ شُدہ کسی فرد کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور ایک اشتعال انگیز پوسٹ کسی پہلے سے موجود تنازعے کو مزید بھڑکا سکتی ہے۔
اس موقعے پر ڈیجیٹل خواندگی محض ایک تعلیمی اصطلاح نہیں بلکہ جرائم کی روک تھام کی ضرورت ہے۔ ہمیں نئی نسل کو یہ بتانا ہوگا کہ ہر وائرل کانٹینٹ مصدّقہ اور اختلاف دشمنی نہیں ہوتا۔
میڈیا کا کردار: خبر اور تماشا
سنگین جرائم کی رپورٹنگ میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ میڈیا عوام کو باخبر بھی رکھ سکتا ہے اور غیر ذمّےدارانہ انداز میں کسی مقدّمے کو میڈیا ٹرائل میں بھی تبدیل کرسکتا ہے۔
خاص طور پر خواتین اور بچّوں سے متعلق مقدّمات میں متاثرہ فرد کی شناخت، تصاویر، ذاتی معلومات اورحسّاس تفصیلات کو غیرضروری طور پر شائع و نشر کرنا خُود ایک ثانوی نقصان ثابت ہو سکتا ہے۔
میڈیا کو جُرم کے ساتھ اس کے اسباب، قانونی نظام، تفتیشی کم زوریوں، فرانزک مسائل اور بچاؤ کی تدابیر پر بھی توجّہ دینی چاہیے۔ صرف یہ بتانا کہ’’کیا ہوا؟‘‘ کافی نہیں بلکہ صحافی کو یہ سوال بھی اُٹھانا چاہیےکہ ’’کیوں ہوا؟‘‘ اور اسے’’دوبارہ ہونےسے کیسے روکا جاسکتا ہے‘‘؟
پولیسنگ: ردِعمل سے پیش بندی تک
روایتی پولیسنگ میں جُرم کے بعد پولیس حرکت میں آتی ہے، جب کہ جدید پولیسنگ کا مقصد یہ ہے کہ ممکنہ خطرے کی نشان دہی پہلے ہوجائے اور اس مقصد کے لیے Intelligence-led Policing، Community Policing، Crime Mapping، Data Analytics اور Risk Assessment جیسے طریقے اختیار کیے جاسکتے ہیں۔
مثلاً اگر کسی علاقے میں گھریلو تشدّد کی شکایات بار بار سامنے آرہی ہوں، کسی فرد کی طرف سے مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہوں یا کسی خاندان میں تنازع مسلسل بڑھ رہا ہو، تو متعلقہ اداروں کو اسے معمولی معاملہ سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
تاہم، اس کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ ہر شہری کو مشتبہ سمجھا جائے بلکہ دست یاب قانونی اور قابلِ اعتماد معلومات کی بنیاد پر خطرات کی بروقت نشان دہی کی جائے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
عدلیہ اور انصاف میں تاخیر
تشدّد کے خلاف ریاستی نظام کی آخری کڑی عدالت ہے لیکن انصاف میں غیرضروری تاخیرعوام کااعتماد کم زور کرسکتی ہے۔ ایک متاثرہ خاندان اگر برسوں تک مقدّمہ چلتا دیکھے، گواہ بار بارعدالتوں کے چکر لگائیں، فرانزک رپورٹس میں تاخیر ہو اور مقدّمات مسلسل التوا کا شکار رہیں، تو اس سے قانون کے عبرت انگیز تاثر کو نقصان پہنچ سکتاہے۔ لہٰذا، کریمنل جسٹس ری فارم میں عدالتوں، استغاثہ، پولیس، فرانزک اداروں اور جیل کے نظام کو الگ الگ نہیں بلکہ ایک مربوط نظام کے طور پر دیکھنا ہوگا۔
پراسیکیوشن اور فرانزک کے درمیان خلا
تفتیش، فرانزک اور پراسیکیوشن کے درمیان رابطے کا فقدان بھی مقدّمات کم زورکرسکتا ہے۔ ایک تفتیشی افسر کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ عدالت میں کون سا ثبوت کس قانونی معیار پر قابلِ قبول ہوگا۔ ایک فرانزک ماہر کو معلوم ہونا چاہیے کہ Sample Collection اور Documentation کی کون سی قانونی ضروریات ہیں اور پراسیکیوٹرکو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ سائنسی شواہد کوعدالت کے سامنے کیسے مؤثر اندازمیں پیش کیا جائے۔ اور اس مقصد کے لیے مشترکہ ٹریننگ پروگرامز کی ضرورت ہے، جن میں پولیس، پراسیکیوشن، فرانزک ماہرین اور عدالتی افسران ایک دوسرے کے طریقۂ کار کو سمجھ سکیں۔
منشیات اور تشدّد
منشیات اور تشدّد کے تعلق کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ منشیات کا استعمال بعض افراد میں فیصلہ سازی، جذباتی کنٹرول اور رویّوں کومتاثر کرسکتا ہے، جب کہ منشیات کاغیرقانونی کاروبار خُود جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو مضبوط کرتا ہے۔ اس لیے ڈرگ کنٹرول پالیسی کو صرف گرفتاریوں تک محدود رکھنے کی بجائے بچاؤ، بحالی، علاج، گھریلو معاونت اور قانون کی عمل داری سے جوڑنا ہوگا۔
شہری منصوبہ بندی اور جبر
سماجی تشدّد کے تجزیے میں شہری منصوبہ بندی کو بھی شامل کرنا چاہیے۔ ایسے علاقے کہ جہاں روشنی کا مناسب انتظام نہ ہو، عوامی مقامات غیرمحفوظ ہوں، سی سی ٹی وی یا ایمرجینسی ریسپانس کا نظام نہ ہو اور پولیس یا طبّی امداد تک رسائی مشکل ہو، تو وہاں شہری عدم تحفّظ بڑھ سکتا ہے۔
تشدّد اداروں میں بھی ہوسکتا ہے
ہم عموماً تشدّد کا تصوّر مارپیٹ تک محدود رکھتے ہیں لیکن ادارہ جاتی ناانصافی، مسلسل تذلیل، اختیارات کا ناجائز استعمال، ہراسانی اور کم زور افراد کو خاموش کروانے کی کوششیں بھی وسیع تر معنوں میں انسانی عظمت کو متاثر کرتی ہیں۔ اس لیے اداروں کے اندر بھی شکایات کے اندراج اور احتساب کا باقاعدہ نظام ہونا چاہیے۔
سوشل سپورٹ سسٹم کیوں ضروری ہے؟
بعض اوقات کسی بڑے جُرم سے پہلے چھوٹی چھوٹی علامات سامنے آنا شروع ہوجاتی ہیں۔ مثال کے طور پر کوئی نوجوان مسلسل جارحانہ رویّہ اختیار کرتا ہے، کوئی شخص بار بار دھمکیاں دیتا ہے، کسی گھر میں تشدّد کے واقعات بڑھتے ہیں، کوئی خاتون بار بار مدد طلب کرتی ہے یا کوئی بچّہ اچانک خوف زدہ اور خاموش ہوجاتا ہے، تو اگر معاشرے میں سوشل سپورٹ سسٹم مضبوط ہو، تو ایسی علامات کو بروقت شناخت کیا جاسکتا ہے۔
قومی سطح پر جرائم سے بچاؤ کی حکمتِ عملی کی ضرورت
گرچہ پاکستان میں جرائم پر قابو پانے کے لیے مختلف ادارے کام کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ایک جامع ’’نیشنل کرائم پریوینشن فریم ورک‘‘ کی ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ جو جُرم کی روک تھام کو بنیادی ترجیح بنائے اور اس حکمتِ عملی میں کم از کم مندرجہ ذیل عناصر شامل ہونے چاہئیں۔
خاندان اور اسکول کی سطح پرتشدّد سے بچاؤ کی تعلیم، خواتین اور بچوں کے لیے قابلِ رسائی حفاظتی طریقۂ کار، کمیونٹی پولیسنگ اور Intelligence-led Policing، فرانزک سائنس اور ڈیجٹیل فرانزک، کرائم میپنگ، ڈیٹا اینالیٹکس اور قانونی حدود میں اے آئی کا استعمال، تیز اور مؤثر کریمنل جسٹس سسٹم، منشیات سے بچاؤ اور بحالی، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل لٹریسی، متاثرہ فرد کی حمایت اور گواہ کی حفاظت اور پولیس، فرانزک، پراسیکیوشن اور عدلیہ کے درمیان مضبوط تعلق۔
سماجی تشدّد روک تھام کے لیے سات نکات پر مشتمل جامع ماڈل
ذیل میں سماجی تشدّد کی روک تھام کےلیے سات نکات پر مشتمل ایک جامع ماڈل پیش کیا جا رہا ہے۔ ٭گھروں میں برداشت، احترام اور مکالمے کی فضا قائم کی جائے۔ ٭درس گاہوں میں نوجوان کو اختلاف کو دشمنی میں تبدیل نہ کرنے کی تربیت دی جائے۔٭معاشرہ خواتین، بچّوں اورکم زورافرادپر تشدّد کو معمول نہ سمجھے۔ ٭قانون متاثرہ شخص کو فوری اور مؤثر تحفّظ فراہم کرے۔٭پولیس ری ایکٹیو پولیسنگ سے بڑھ کر پریونٹیو اور Intelligence-led Policing کا رویّہ اختیار کرے۔٭ فرانزک سائنس جرم کے شواہد کو سائنسی بنیاد فراہم کرے۔٭ ٹیکنالوجی Data Analytics، Digital Forensics اور Artificial Intelligence کے ذریعے خطرات کی بروقت شناخت اور تفتیش میں مدد دے، لیکن اگر ان ساتوں نکات کے درمیان تعلق نہ ہو، تو یہ ماڈل مکمل نہیں ہوگا۔
ایک محفوظ معاشرہ کیسے تشکیل پائے گا؟
ایک محفوظ معاشرہ صرف زیادہ پولیس، زیادہ جیلوں اور زیادہ سزاؤں سے تشکیل نہیں پاتا بلکہ اس کے لیے تعلیم و تربیت، برداشت، مساوات، بر وقت انصاف، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کا ذمّےداری سے استعمال بھی ضروری ہے۔ نیز، ایک مہذّب معاشرہ وہ نہیں کہ جہاں اختلاف ختم ہوجائے بلکہ اختلاف تو انسانی زندگی کا لازمہ ہے۔ لیکن اسےدشمنی، تشدّد اور ظلم و جبر میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔
اِسی طرح طاقت ظلم کا ذریعہ نہ بنے، قانون کم زور کے لیے آخری امید نہیں بلکہ پہلی حفاظتی دیوار ہو اور ریاست جُرم کے بعد صرف مجرم تلاش نہ کرے بلکہ جُرم سے پہلے خطرے کی آہٹ بھی سُن لے۔ ایک بہترین نظام وہ نہیں کہ جو جُرم کے بعد صرف مجرم کو گرفتار کرے بلکہ بہترین نظام وہ ہے، جو جُرم کے امکانات کو پہلے ہی کم کردے، خطرے کی علامات پہچان لے اور بروقت تحفّظ فراہم کرے۔ تشدّد کا علاج صرف مجرم کو سزا دینا نہیں، پُرتشدّد واقعات کے محرّک معاشرتی، نفسیاتی، معاشی، قانونی، انتظامی اور تیکنیکی عوامل کی اصلاح بھی ہے۔
ہمیں وین کے سائرن سے پہلے گھر، اسکول، قانون، سوشل سپورٹ، فرانزک لیبارٹری اور ٹیکنالوجی کو حرکت میں لانا ہوگا اور شاید یہی وہ مقام ہے کہ جہاں ایک ریاست صرف قانون نافذ کرنے والی ریاست نہیں رہتی بلکہ ایک حقیقی محفوظ اور فلاحی معاشرہ تشکیل دینے والی ریاست بن جاتی ہے۔
(مضمون نگار، ممتاز ماہرِ تعلیم، محقّق اور متعدد کُتب کے مصنّف ہیں)