پشاور، سوات ، مٹہ(جنگ نیوز،نمائندہ گان جنگ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت غلط پالیسی کا حصہ نہیں بنے گی، طاقتورو ںکو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا،جن لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے، وہ پاکستان کو تقسیم کرنا اور ملک میں تعصب پیدا کرنا چاہتے ہیں، کرک سمیت پورے ساوتھ ریجن کے غیور عوام کو لانگ مارچ کے شاندار استقبال پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک کے جیل چوک میں لانگ مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی مارچ جاری ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہرنےکہا ہے کہ حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے ، عمران سے ملاقات کرادے تو مذاکرات ہوسکتے ہیں، وزیراعلی سہیل آ فریدی نے کہا کہ عوام کے علم میں ہونا چاہیے کہ خیبرپختونخوا پر جو دہشت گردی مسلط کی گئی، وہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی گئی۔ ایک دفعہ پھر پختونوں کا خون بہہ رہا ہے، لوگ بے گھر ہو رہے ہیں اور کاروبار تباہ ہو رہے ہیں۔ ملٹری آپریشنز اور ڈرون اٹیکس ہو رہے ہیں جبکہ ہمارے بے گناہ عوام، پولیس اہلکار اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا ایک کارندہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتا ہے کہ میں ناسمجھ ہوں۔ اگر اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا۔