کراچی( ثاقب صغیر )کراچی میں رواں برس اسٹریٹ کرائم کے 41ہزار 572واقعات رپورٹ ہوئے،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 58 افراد قتل ہوئے،کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فون اور گاڑیاں چھین لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق شہر میں سال 2026کے نو ماہ کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 41ہزار 572 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ماہ ستمبر تک 58 شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قتل جبکہ 163 زخمی ہوئے تاہم پولیس ریکارڈ کے مطابق دوران ڈکیتی مزاحمت قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 47 ہے۔ماہ ستمبر تک شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کے 14 ہزار 538 موبائل فون چھین لیے گئے۔نو ماہ کے دوران شہریوں سے ایک ہزار 193 گاڑیاں جبکہ 25 ہزار 841 موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔ 3 ہزار 880 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھینی جبکہ 23 ہزار 154 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں۔ رواں برس موبائل فون چھیننے کی یومیہ شرح 53.25 ، گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی 4.36 جبکہ موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کی یومیہ شرح 94.65 رہی۔واضح رہے کہ سال 2025 میں اس دوران ڈکیتی مزاحمت پر 61 افراد قتل اور 241 افراد زخمی ہوئے تھے، گزشتہ برس شہریوں سے اس دوران 12 ہزار 759 موبائل فون چھینے گئے تھے۔سال 2025 کے نو ماہ کے دوران شہریوں سے 1650 گاڑیاں جبکہ 34 ہزار 251 موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئی تھیں۔