لاہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کھوکھر پیلس میں صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر سے ملاقات کی، جس میں صحت اور کھیل کے شعبوں میں باہمی تعاون سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے صحت اور کھیل کے شعبوں کے درمیان مربوط کاوشوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صحت مند نوجوان ہی ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔ نوجوانوں کو کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔